حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ہندوستان میں نمائندہ ولی فقیہ حجۃ الاسلام والمسلمین عبدالمجید حکیم الٰہی نے معروف عالمِ دین، مخلص مبلغ حجۃ الاسلام والمسلمین مولانا سلمان حیدر کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے ان کے اہلِ خانہ، علماء و فضلا، طلاب، شاگردوں اور تمام عقیدت مندوں سے دلی تعزیت پیش کی ہے۔
اپنے تعزیتی پیغام میں نمائندہ ولی فقیہ ہند نے مرحوم مولانا سلمان حیدر کی علمی، دینی اور تبلیغی خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا:
بسم اللہ الرحمن الرحیم
مکتبِ اہلِ بیت علیہم السلام کے مخلص خادم، دینِ اسلام کے وفادار مبلغ اور ہندوستان میں اسلامی معارف کے فروغ کے لیے سرگرم عالمِ دین، حجۃ الاسلام والمسلمین مولانا سلمان حیدر رضوان اللہ تعالیٰ علیہ کے انتقال کی خبر سے دلی رنج و غم ہوا۔
مرحوم نے اپنی بابرکت زندگی تحصیل و تدریسِ علومِ دینی، تبلیغ و ترویجِ معارفِ اسلامی اور طلاب و نوجوان نسل کی دینی و اخلاقی تربیت کے لیے وقف کر رکھی تھی۔
مولانا سلمان حیدر رضوان اللہ تعالیٰ علیہ حامیانِ انقلابِ اسلامی، پیروانِ حضرت امام خمینی رضوان اللہ تعالیٰ علیہ اور رہبرِ معظم انقلاب اسلامی حضرت آیت اللہ العظمیٰ سید علی خامنہای مدظلہ العالی کے مخلص عقیدت مند اور ان کے افکار و آرمانوں سے وابستہ شخصیت تھے۔ انہوں نے ہندوستان میں اسلامی انقلاب کے پیغام، اسلامی اقدار اور مکتبِ اہلِ بیت علیہم السلام کی تعلیمات کے فروغ میں اپنی ذمہ داریاں اخلاص اور جدوجہد کے ساتھ انجام دیں۔
مرحوم کی دینی، علمی اور تبلیغی خدمات قابلِ قدر ہیں اور ان کی وفات سے ہندوستان کے علمی و دینی حلقوں میں ایک نمایاں خلا پیدا ہوا ہے۔ ان کی گراں قدر خدمات اور دینی جدوجہد دیر تک یاد رکھی جائیں گی۔
ہم غمناک سانحے پر علماء اعلام، فضلا و طلاب، شاگردوں، متعلقین اور تمام ارادتمندوں کی خدمت میں تعزیت و تسلیت پیش کرتے ہوئے بارگاہِ خداوند متعال میں دعا کرتے ہیں کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کو اپنی رحمت و مغفرت سے نوازے، ان کے درجات بلند فرمائے، انہیں حضرت محمد مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اور آلِ محمد علیہم السلام کے ساتھ محشور فرمائے اور پسماندگان کو صبرِ جمیل و اجرِ جزیل عطا فرمائے۔
عبدالمجید حکیم الٰہی
نمائندہ ولی فقیہ در ہندوستان










آپ کا تبصرہ